کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا
تازہ خبریں

کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا، 7 افراد شہید، 30 سے زائد زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زوردار دھماکا ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 7 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال سمیت قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ ریسکیو کارروائی کے دوران متعدد ایمبولینسیں اور اہلکار موقع پر موجود رہے۔

دھماکے سے مسجد کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا جبکہ ایک دیوار بھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر دھماکے میں بارودی مواد سے بھری گاڑی کے استعمال کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حتمی تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، اس لیے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *