تازہ خبریں - سیاست

آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات 2026: الیکشن کمیشن نے حلقہ جات کی حتمی فہرست جاری کر دی

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے حلقہ جات کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قانون ساز اسمبلی کی آزاد کشمیر سے 33 جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ یوں مجموعی طور پر 45 انتخابی حلقوں پر مشتمل نئی حلقہ بندیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں میں میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ، پونچھ، سدھنوتی، نیلم اور مظفرآباد ڈویژن کے تمام حلقوں کی حدود کو ازسرِنو مرتب کیا گیا ہے، جبکہ جموں مہاجرین اور کشمیر ویلی کی مخصوص نشستوں کی جغرافیائی تقسیم بھی واضح کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت مختلف اضلاع میں تحصیلوں، پٹواری سرکلز، دیہات اور میونسپل حدود کی بنیاد پر حلقہ جات کی نئی تقسیم کی گئی ہے تاکہ آبادی اور جغرافیائی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔ ضلع میرپور میں 4، بھمبر میں 3، کوٹلی میں 6، باغ میں 4، پونچھ و سدھنوتی میں 7، نیلم میں 2 جبکہ مظفرآباد ڈویژن میں 7 حلقے قائم کیے گئے ہیں۔
اسی طرح جموں مہاجرین کے لیے 6 نشستیں مختص کی گئی ہیں جن میں پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ میں مقیم مہاجرین جموں شامل ہوں گے، جبکہ کشمیر ویلی کی 6 نشستوں میں پاکستان کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع میں مقیم مہاجرین کشمیر کو تقسیم کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کا مقصد شفاف، منصفانہ اور متوازن انتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو بہتر اور مؤثر نمائندگی فراہم کی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *