افتخار گیلانی کی حلف برداری اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال۔
تازہ خبریں - سیاست

بریکنگ نیوز: افتخار گیلانی کی حلف برداری کے دعوتی کارڈز بھی رکوا دیے گئے، تقریب کی جگہ تبدیل ہونے کا امکان

آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے معاملے پر ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر افتخار گیلانی کی حلف برداری کی تقریب سے متعلق انتظامات میں اچانک تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث تقریب کے مقام اور دعوتی کارڈز کے حوالے سے صورتحال غیر یقینی ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شاہ غلام قادر کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب کے دعوتی کارڈز سرکاری چھاپہ خانے سے رکوانے کے بعد اب بیرسٹر افتخار گیلانی کی حلف برداری کے کارڈز بھی چیف سیکرٹری کی ہدایت پر تاحکم ثانی رکوا دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب کے لیے پہلے ہائی کورٹ گراؤنڈ کا مقام زیر غور تھا، تاہم اب تقریب کو صدر ہاؤس جلال آباد منتقل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ انتظامی مشاورت کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کی جانب سے اسمبلی اور ووٹ کے بائیکاٹ کی پالیسی اختیار کیے جانے کے بعد سیاسی رابطے بھی جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کے کسی ذمہ دار نمائندے کو تقریب میں شریک کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ دونوں سینئر رہنماؤں کو بھی تقریب میں شرکت پر آمادہ کیا جا سکے۔

آزاد کشمیر میں وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے بعد سامنے آنے والی یہ صورتحال مسلم لیگ ن کے اندر موجود اختلافات اور سیاسی صف بندی کو مزید نمایاں کر رہی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے مقام اور انتظامات میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے ممکنہ اگلے سیاسی فیصلے پر بھی نظریں مرکوز ہیں۔

حلف برداری کی تقریب کے حتمی مقام، دعوتی کارڈز اور شرکاء کے حوالے سے صورتحال آنے والے فیصلوں کے بعد مزید واضح ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *